نیب عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قومی معیشت نفرت اور انتقام کی چتا میں جلائی جارہی ہے، اپوزیشن کا سر قلم کرنے کے چکر میں معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا گیا، تحریک انصاف کی سونامی ترقی کے لیے تباہ کن ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نےتنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران نظام عدل، احتساب اور ابلاغ پر کنٹرول کرکے مخالفانہ آوازیں کچلنا چاہتے ہیں، انتقام آمیز احتساب معیشت اور جمہوریت کو لے ڈوبے گا۔
خواجہ سعد رفیق کامزید کہنا تھا کہ 73 کے آئین سے چھیڑ چھاڑ خطرناک ہوگی، آئین چاروں فیڈریشن یونٹس کو حقوق دیتا ہے، عمران خان جیسے تیسے خود اس آئین کے تحت منتخب ہوئے ہیں، آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کریں گے تو دوبارہ آئین بننا ممکن نہیں ہوگا، عمران خان اور ان کی حکومت آگ سے کھیل رہے ہیں۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما نےحکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے لیے صدارتی نظام کی بحث شرمناک ہے، کوئی بھی تنہا ملک کو مسائل کے گرداب سے نہیں نکال سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکارنے آٹھ ماہ میں عوام کی کمر توڑ دی مگر انہیں شرم نہیں آتی۔پاکستانی کی معاشی صورتحال اس وقت سب سے بڑا چلینج ہے۔
سابق وزیرریلوے نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بد ترین حکومتی انتقام کا سامنا کررہی ہے، جیلیں اور حکومتی انتقامی حربے ہمارے لیے نئے نہیں۔ یہ اپوزیشن کو گراتے گراتے کہیں خدا نخواستہ پاکستان کوناقابل تلافی نقصان نہ پہنچادیں۔