بارشوں کاپانی تفریحی پارکوں میں کھڑاواساانتظامیہ کا منہ چڑا رہا ہے

93

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹر محمدانور، راناطارق سرورنے کہا ہے کہ گزشتہ روز شہرمیں ہونے والی بارشوں کاپانی واسا انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے شہر بھر کے تفریحی پارکوں میں کھڑا واسا انتظامیہ کا منہ چڑا رہا ہے۔رہنماؤں نے کہاکہ تفریحی پارکوں میں کھڑے بارش کے پانی کو نکالنے کے حوالہ سے واساانتظامیہ کی طرف سے کسی قسم کی کوئی حکمت عملی نہیں اپنائی گی، پارکوں میں کھڑے بارش کے اس پانی کی وجہ سے علاقوں میں مچھروں کی بہتات ہوگی ہے جسکی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں،سمن آباد، نثار کالونی،نواباں والا،مسعودآباد،عبداللہ پل، شیخاں والا پھاٹک، ستارہ کالونی،امین آباد، جوالانگر، اچا مربعہ سمیت دیگرعلاقوں میں چندمنٹ کی بارش اورژالہ باری کے بعدان علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے جسکی وجہ سے شہریوں کے لیے تفریحی پارکوں میں تفریحی سرگرمیاں جاری رکھنامشکل ہوگیاہے۔راناطٰہٰ خاں نے کہاکہ واساانتظامیہ کی جانب سے بلندوبانگ دعووے کیے جاتے ہیں کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمنٹے کے لئے انہوں نے ہنگامی منصوبہ بندی کرلی ہے لیکن ان کی منصوبہ بندی کی قلعی چند منٹوں کی بارشوں نے کھول کررکھ دی ہے ۔رہنماؤں نے کہاکہ تفریحی پارکوں میں کھڑے بارش کے پانی کو نکالنے کے حوالہ سے زبانی جمع خرچ کے بجائے واساحقیقت میں اقدامات عمل میں لائے۔