سانحہ اورماڑہ: 14 افراد کے قتل پر پاکستان کا ایران سے احتجاج

433

بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں دہشت گردی کے نتیجے میں 14 افراد کے قتل پر پاکستان نے ایران سے شدید احتجاج کرتے ہوئے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارت خانے کو احتجاجی مراسلہ بھیجا جس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مراسلے کے مطابق 18 اپریل کو ایف سی یونیفارم میں ملبوس 15 سے 20 دہشت گردوں نے اورماڑہ میں  گوادر کے قریب تین سے چار بسوں کو روکا اور مسافروں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جس میں پاک بحرایہ کے دو افسران بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان پہلے بھی ایران کو کالعدم تنظیموں کے تربیتی کیمپوں اور سرحد پار لاجسٹک بیسز سے آگاہ کر چکا ہے اور اس حوالے سے انٹیلی جنس شیئرنگ بھی کی گئی ہے لیکن ایران ان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کوئی چارہ جوئی نہیں کی۔