بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے ساحلی شہر ڈربن کے شمالی علاقے میں واقع پینٹا کوسٹل چرچ کی دیوار تیز ہواؤں کے جھکڑ کے باعث گر گئی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دیوار اُس وقت منہدم ہوگئی جب ایسٹر کی تقریب کے سلسلے میں سیکڑوں افراد چرچ میں موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق چرچ میں ایسٹر کی رسومات کی ادائیگی کے لیے سیکڑوں افراد جمع تھے اور اپنے مذہبی فریضے کی ادائیگی کے بعد خراب موسم کے باعث درجنوں افراد گھر جانے کے بجائے چرچ میں ہی سو گئے تھے۔ دیوار انہی سوئے ہوئے افراد پر گری۔ ہلاک شدگان میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔
واقعہ دور افتادہ علاقے میں ہونے اور موبائل فون سروس کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایک زخمی نے بمشکل پولیس اسٹیشن پہنچ کر حادثے کی اطلاع دی۔ ریسکیو اداروں کے تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے بھی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔