کوئٹہ، دکانیں لوٹنے والے گروہ کے 5 افراد گرفتار، سرغنہ سمیت 2 مفرور

86

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے علاقے محمود آباد میں ایک ہی رات میں درجنوں دکانیں لوٹنے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ کے مطابق وارداتوں میں ملوث افراد میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے محمود آباد میں ایک ہی رات میں درجنوں دکانوں کا صفایا کرنے والے گروہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبدالرزاق چیمہ نے کامیاب کارروائیوں کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں منظم گروہ کی گرفتاری کے لیے سی آئی اے اور ڈسٹرکٹ پولیس کی دو ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے دن رات کی کوششوں کے بعد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل، نقدی اور وارداتوں میں استعمال میں ہونے والی موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا، تاہم گروہ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان تاحال مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ چوری کی وارداتوں میں ملوث اس گروہ میں مقامی باشندوں کے ساتھ افغان باشندے بھی شامل ہیں، ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ یکم اپریل کو رات 4 بجے کے قریب 10 سے 12 ملزمان موٹر سائیکلوں پر آئے اور مٹھا خان چوک پر واقع 28 دکانوں کے شٹر توڑ کر دکانوں سے نقدی اور دیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئے، واقعہ کے بعد خالق شہید تھانے میں 20، پشتون آباد میں 8 لوگوں نے چوری کی ایف آئی آر درج کرائی، ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ کوئٹہ پولیس نے واقعہ کو چیلنج کے طور پر لیا، جرائم پیشہ گروہ کی نشاندہی اور گرفتاری پر پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد اور انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رات کے اوقات میں جرائم کی روک تھام کے لیے گشت بڑھا دیا گیا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کے بعد اسڑیٹ کرائم میں خاطر خواہ کمی آجائے گی، تاہم بحالی امن کے لیے سول سوسائٹی، میڈیا اور تاجر تنظیموں کا تعاون ناگزیر ہے، رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان خلجی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت نے ایک رات میں چوری کی وراداتوں کا سختی سے نوٹس لیا اور پولیس حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی، صوبائی حکومت شہر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کررہی ہے یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے صدرعبدالرحیم کاکڑ نے بروقت کارروائی عمل میں لانے پر پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔