کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور سابق سینیٹر راشد حسین ربانی نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پراپنے بیان میں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور آپس میں بھائی چارہ قائم رکھنے کو فوقیت دی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 ء کے آئین میں تمام مذاہب کو اہمیت دی اور اقلیتی برادری کو بھرپور تحفظ دیا اور خودمختار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس بات کا عزم کیا ہوا ہے کہ اقلیتوں کے بنیادی حقوق، تحفظ اور عزت و احترام کے لیے انکی خواہشات کے مطابق ہر ممکن قانونی اور آئینی اقدامات کیے جائیں تا کہ تمام پاکستانی مساوی حقوق کے ساتھ معاشرے میں اپنا کردار ادا کریں۔ راشد حسین ربانی نے سری لنکا میں ایسٹر کی تقریبات میں بم دھماکے اور دہشتگردی کے واقعات میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت پر شدید مذمت کرتے ہوتے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا انکا صرف ایک مقصد ہے دْنیا کا امن وامان تباہ کرنا اور مذاہب کے درمیان نفرتوں کے بیج بونا، پر ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوے دشمن کو ناکام بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام سری لنکا کے عوام کے دکھ میں شریک ہیں‘ رب العالمین متاثرہ خاندانوں کو صبر عطا فرمائے۔