سرینگر (صباح نیوز) سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بھی ایٹمی ہتھیار عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے۔ محبوبہ مفتی نے وزیراعظم نریندر مودی کو سوشل میڈیا پرجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ایٹمی ہتھیار دیوالی کے یے نہیں رکھے ہوئے ہیں تو یہ بات بھی ظاہر ہے کہ پاکستان نے بھی یہ عید کے لیے نہیں رکھے ہوئے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسے بات کرتے ہیں جیسے ایٹمی ہتھیار نہیں مٹھائی ہو کہ یہ دیوالی پر تقسیم کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پتا نہیں وزیراعظم مودی اتنے نیچے کیوں آگئے ہیں؟ انہیں سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا چاہیے۔ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیار دیوالی پرچلانے کے لیے نہیں ہیں۔ اس سے قبل 18 اپریل کو بھی بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہمارے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی ماں ہے، میں نے پاکستان کو بتانے کا فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی کرنا ہے کر لو لیکن ہم بھرپور جواب دیں گے۔