کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی میں پانی فراہم کرنیوالے ٹینکرز نے کراچی واٹر اینڈ سیو ریج بورڈ سے نرخ بڑھانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ منگل کو صفورا ہائیڈرنٹ سے شروع ہونیوالا احتجاج نیپا ہائیڈرنٹ پہنچ اختتام پذ یر ہو گیا، ٹینکرز مالکان کا کہنا تھا کہ ہماری لاگت بھی پوری نہیں ہورہی ہیں۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے زیر اہتمام شہریوں کو ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، جسے جنرل پبلک سروس کہا جاتا ہے، اس کے تحت ایک ہزار گیلن کے نرخ ایک ہزار روپے، 2 ہزار گیلن کے نرخ 1400 روپے اور 3 ہزار گیلن کے نرخ 1800 روپے مقرر ہیں۔
صفورا واٹر ہائیڈرنٹ پر ٹینکرز ایسو سی ایشن نے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا، مالکان کا کہنا تھا کہ پانی فراہمی کے نرخ 400 روپے تک بڑھائے جائیں، موجودہ قیمت میں ہماری لاگت بھی پوری نہیں ہورہی ہیں۔
چیئرمین آل کراچی واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن حضور بخش نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہزار گیلن کے نرخ 1000 روپے مقرر ہیں جبکہ حقیقت میں ہمیں یہ 2200 روپے کا پڑتا ہے، کنٹریکٹر کی فیس 500 روپے، ڈیزل 500 روپے، ڈرائیور اور ہیلپر کی مزدوری 700 روپے اور دیگر مدوں میں 500 روپے خرچ ہوتے ہیں، نقصان میں ٹینکرز چلانا ہمارے لئے مشکل ہے۔
واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن میں 1500 ٹینکرز رجسٹرڈ ہیں، صفورا سے شروع ہونیوال احتجاج نیپا ہائیڈرنٹ تک پھیل گیا، جس میں 600 کے قریب ٹینکرزنے حصہ لیا۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ہائیڈرنٹ سے متعلق ترجمان محمد شہباز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واٹر بورڈ اس احتجاج پر کچھ نہیں کرسکتا، یہ کنٹریکٹر اور ایسوسی ایشن کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ گرمیوں اور رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو کم نرخ پر پانی کے ٹینکر فراہم کئے جائیں۔ کراچی واٹر بورڈ ان علاقوں میں پانی فراہم کرنے کیلئے ٹینکر سروس چلاتا ہے جہاں لائنوں کے ذریعے پانی نہیں آتا ہے۔