وزارت صحت کا چھاپے مارکر اسٹاک قبضے میں لینا ایک دکھاوا ہے

81

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی115کے امیرمیاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فارما سیو ٹیکل کمپنیز کی جانب سے ادوایات کی قیمتوں کے اضافے کے معاملے پر وفاقی وزارت صحت بالکل ناکام ہو چکی ہے، وفاقی وزارت صحت کی جانب سے چھاپے مارکر اسٹاک قبضے میں لینا ایک دکھاوا ہے اس طرح کے چھاپوں سے فارما سیو ٹیکل کمپنیز کے مالکان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہاکہ ادوایات بنانے والی کمپنیاں 50 روپے والی ڈبی پر 500 روپے تک کی قیمت پرنٹ کر دیتی ہیں۔رہنماؤں نے کہاکہ شعبہ صحت کے ساتھ حکومتی رویہ سوتیلی ماں جیسا ہے۔ حکومتی اقدامات نے عوام کو نفسیاتی مریض بنا کر رکھ دیا ہے۔ محض صحت کارڈ ز کا اجرا کافی نہیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ سابقہ حکومتوں نے بھی اس قسم کے بہت سارے اقدامات کیے تھے مگر سب کرپشن کی نذر ہوگئے۔ سرکاری اسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے کچھ نہیں کیا جارہا۔ صوبائی حکومت کی طرف سے سرکاری ٹیسٹوں کی فیس میں اضافہ کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال لاکھوں افراد مختلف بیماریوں کے باعث جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ ملک کی 70فیصد آبادی کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں، وہ علاج معالجے کے لیے سرکاری اسپتالوں کا رخ کرتی ہے مگر بدقسمتی سے وہاں پر بھی انھیں نہ مفت ادویات ملتی ہیں اور نہ ہی اچھے طریقے سے ان کا علاج ہوتا ہے۔