ملک میں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے،راناعدنان خان

116

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب راناعدنان خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ٹیم میچ ہار گئی ہے، ملک میں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے، پی ٹی آئی حکومت کا قبلہ اب بھی معلوم نہیں، لوگ پوچھتے ہیںکہ موجودہ حکومت کو پی ٹی آئی حکومت کہا جائے یا پیپلز پارٹی کی۔ راناعدنان خان نے کہاکہ حکومت مصنوعی آکسیجن پر چل رہی ہے۔ مانگے تانگے وزیروں اور مشیروں سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ پی ٹی آئی کا ٹائی ٹینک اپنے سونامی میں ہی ڈوب رہا ہے۔ عوام کو تبدیلی کے خواب دکھانے، بڑے بڑے دعوے کرنے اورنعرے لگانے والے آٹھ ماہ کے اندر ہی ناکام ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کو حکومت میں لانے والے خود پریشان ہیں کہ اب کیا کیا جائے۔ ایک طرف وزیراعظم اب بھی بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں اور دوسری طرف ملک کو لوٹنے اور ناجائز دولت کے انبار لگانے والے حکومت کی بے بسی پر قہقہے لگا رہے ہیں۔