مسلط کردہ حکمرانوں کے پاس مسائل کا کوئی حل موجود نہیں

48

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر نے کہا ہے کہ حالات نے ثابت کردیا ہے کہ جن لوگوں کو قوم پر مسلط کیا گیاہے ان کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں۔ان کے پاس معاشی ایجنڈا ہے اور نہ قوم کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جانے والا کوئی منصوبہ ہے۔موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی نااہلی سے ملک جن گھمبیر حالا ت سے دوچار ہوا ہے ان سے نجات دلانا ان لوگوں کے بس کی بات نہیں۔حالات نے یہ بھی ثابت کردیا ہے کہ ملک و قوم کے مسائل کا حل صر ف اور صرف اسلام اور دیانتدار قیادت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تو پوری قوم جان گئی ہے کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں ہی کا ایک تسلسل ہے۔پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور مشرف کی کابینہ کے لوگوں کو جمع کرکے حکومت بنا دی گئی۔ حالانکہ یہ لوگ ایک دو بار نہیں کئی بار ناکامیوں سے دو چار ہوچکے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ آج قوم پریشانیوں کے جس گرداب میں پھنسی ہوئی ہے اس کے اصل مجرم یہی لوگ ہیں جو پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ جاتے ہیں۔پرانے لوگ ہی نئے جھنڈوں تلے جمع کر دیے گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ قوم پر حکومت کے 245 دن بڑے بھاری ثابت ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی بہتری کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔انہوں نے کہاکہ اس ملک میں حقیقی معنوں میں ایک حقیقی جمہوری اور ترقی پسند جماعت صرف جماعت اسلامی ہے جس کا اعتراف قومی و عالمی ادارے بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس ناصرف مخلص کارکنوں کی ایک ٹیم موجود ہے بلکہ قومی خدمت کا ایک وژن، نظام اور پروگرام موجو د ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ قوم کو پریشانی اور مایوسی سے نکالنے کے لیے ہر کارکن میدان میں نکلے۔ ہر شہری حیرا ن، پریشان اور سوالیہ نشان ہے کہ حکومت نے جو وعدے کیے تھے اور نعرے لگائے تھے، ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر سکی۔ انہوںنے کہاکہ قوم کو اندھیروں اور مایوسیوں سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کی شکل میں ایک روشنی موجود ہے کارکن اس روشنی کو عام آدمی تک پہنچائیں۔