جڑانوالہ روڈ کی خستہ خالی پرفوری توجہ دی جائے ،عبدالستار

105

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114کے امیر میاںعبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،راناوسیم احمدایڈووکیٹ اور حاجی محمدحنیف ودیگرنے جڑانوالہ روڈکی ٹوٹ پھوٹ خستہ حالی بالخصوص ڈھڈی والاراجباہ سے آگے پیٹرول پمپ تک سٹرک کی انتہائی خستہ حالی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 2سال میں جڑانوالہ روڈ کے دوسومیٹرکے اس ٹکرے کو کئی بار تعمیر کیا گیا لیکن ناقص میٹریل،ٹھیکیداروںاورمتعلقہ اداروںکی کرپشن اور انتظامیہ کی نااہلی کے باعث یہ سٹرک آج بھی کچے راستے کامنظرپیش کررہی ہے پتھروںاورگٹروں نے شہریوں کا یہاں سے گزرنادوبھرکررکھاہے بارش ہونے کی صورت میںیہاںدریاکامنظربن جاتاہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثراورٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔رہنماﺅں نے کہاکہ اراکین اسمبلی کی عدم توجہی کے باعث فیصل آبادکی تمام رابطہ سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہونے سے حادثات میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا جبکہ متعلقہ اداروں نے بھی چپ سادھ لی، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں، متعدد مقامات پر ٹوٹنے والی ان سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک حادثات کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے اور قیمتی گاڑیاں کھٹارا بن رہی ہیں۔ ہزاروں طلبا و طالبات تعلیم کے حصول کیلیے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرکے سکول اور کالجز میں آتے جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے اعلیٰ حکام سے سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کانوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے جڑانوالہ روڈکی فوری تعمیرکا مطالبہ کیا ہے ۔