شمالی وزیرستان: لیویز چیک پوسٹ کے قریب دھماکا،3 اہلکار شہید 1 زخمی

243
تحصیل شیواہ میں لیویز چیک پوسٹ پر دھماکے سے 3 لیویز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں لیویز چیک پوسٹ پر دھماکے سے 2 لیویز اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک اور اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
بارودی مواد چیک پوسٹ کے ساتھ نصب تھا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لیویز اہلکار جوں ہی چیک پوسٹ پر پہنچے دھماکا ہوگیا۔دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں امیر زمان، نامبوت خان اور عبدالولی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان نے بم دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے شہید لیویز اہلکاروں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد اس طرح کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، کوئی بھی مذہب معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ دہشتگردی ایک ناسور ہے جس کا صفایا کر کے دم لیں گے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔