کوئٹہ ،بس ڈائیور کی غفلت نے اور ایک بچی کی جان لے لی

127

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)کوئٹہ میں لوکل بس ڈرائیور کی غفلت نے ایک اور بچی کی جان لے لی۔ بلوچستان میں مختلف حادثات کے دوران ایک بچی جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس کے مطابق سرکی کوئٹہ میں بس ڈرائیور کی غفلت نے ہنستی کھیلتی ایک اور بچی کو موت کی وادی میں پہنچا دیا۔تیز رفتار بے قابو بس نے دو سالہ بچی بی بی مقدس کو کچل دیا جو موقع پر ہی دم توڑ گئی۔واقعہ کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے بس قبضے میں لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ منشیات کے عادی اور ناتجربے کار بس ڈرائیورز شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔اسی سڑک پر پہلے بھی کئی حادثات رونما ہوچکے ہیں۔جن میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ادھر کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلا میں تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے پرانا کلی میں گاڑی اور موٹرسائیکل میں تصادم ہوا ، جس میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔