بلوچستان ، مختلف علاقوں میں کسٹمز کی کارروائیاں ،اسمگل شدہ سامان برآمد

98

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کسٹمز کی کارروائیاں جاری ، چار کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا۔کسٹمز حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر کولپور، نوتال ، ڈیرہ مراد جمالی بلیلی یارو لکپاس سوراب خضدار کے مقامات پر کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں چھالیہ ، سگریٹ، ڈیزل ، ادویات اوردیگرسامان برآمد کیا گیا، جن کی مالیت چار کروڑ روپے کے قریب ہے ، کلیکٹر کسٹمز پریوینٹو کوئٹہ افتخاراحمد کے مطابق یارو چیک پوسٹ کسٹم کی ٹیم نے 42 بیگز چالیہ اور400 مختلف سائز کے ٹائرز برآمد کیے۔کارروائی میں ایف سی نے بھی تعاون کیا۔اسی طرح بلیلی کے مقام پر انسپکٹر شہزاد اختر کی ٹیم نے ایک ٹرک سے 170 بیگز چھالیہ برآمد کر کے ٹرک بھی قبضے میں لے لیا۔ نوتال ڈیرہ مراد جمالی کے عملے نے ایک کنٹینر سے چارے کی بوریوں کی آڑ میں 200 ڈرمز ڈیزل برآمد کیا جبکہ کولپور میں مسافر کوچ سے غیر ملکی گٹکا،ادویات اور سگریٹ اور دیگر سامان قبضے میں لیا گیا۔خضدار اور سوراب میں بھی بڑے پیمانے پر غیر ملکی اسمگل شدہ سامان برآمد کیا گیا۔