بے نامی اکائونٹس اور کرپشن میں ملوث گریڈ 20 کا افسر ملک سے فرار

201

کراچی ( رپورٹ: محمد انور ) بے نامی اکائونٹس اور کرپشن کے دیگر مقدمات میں ملوث گریڈ 20 کے افسر آغا واصف کی ملک میں عدم موجودگی کا حساس اداروں نے نوٹس لے لیا ہے۔ باخبر سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان ایڈمنسٹریشن سروس کے گریڈ 20 کے افسر آغا واصف عباس جن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کے ملک میں عدم موجودگی پر سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں سے جواب طلب کیا ہے۔ مزکورہ افسر مبینہ طور پر بدنام جعلی اکاؤنٹس اور دیگر ترقیاتی کاموں کے دوران ہونے والی کرپشن کے مقدمات میں زیر تفتیش تھے۔ سندھ میں کی جانے والی اربوں روپے کی ہیر پھیر اور بدعنوانیوں کے حوالے سے نیب اور دیگر اداروں کے زیر تفتیش مقدمات میں ان کا نام اہم شخصیت کے حوالے سے شامل تھا۔ تاہم سندھ حکومت کے ایک اعلٰی سطح کے ساتھ وہ چین کے دورے پر چلے گئے تھے۔ اس دورے کے لیے مبینہ طور پر آغا واصف کا نام خصوصی طور پر شامل کیا گیا تھا حالانکہ وہ کسی پوسٹ پر بھی نہیں تھے۔ ان کو سابق سیکرٹری انرجی کے طور پر ماہر کی حیثیت سے بریفنگ کے لیے چین کے جایا گیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ دورہ ختم ہونے کے بعد آغا واصف ملک واپس جانے سے انکار کرکے مبینہ طور پر وہاں سے جرمنی چلے گئے۔ جبکہ انہیں چین کے جانے والے وفد کے سربراہ اور سندھ حکومت کی اہم ترین شخصیت واپس چلنے کے لیے دباؤ بھی ڈالتی رہی لیکن انہوں نے اس حکومتی شخصیت کی بات ماننے سے بھی انکار کیا اور واپس کراچی نہیں آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرپشن کے مقدمات پر انکوائری شروع ہونے کے ساتھ ہی مذکورہ افسر نے مبینہ طور پر کراچی سے باہر ملک فرار ہونے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں ائیرپورٹ پر روک لیا گیا تھا۔ سندھ گورنمنٹ کی ایک اعلیٰ شخصیت نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس بات کی تصدیق کی کہ آغا واصف ملک سے باہر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مزکورہ افسر کی ملک میں عدم موجودگی کا نوٹس تو لیا جاچکا ہے مگر کرپشن میں ملوث متعدد افسران اور اہم شخصیات کی جانب سے ملک سے فرار کی کوششوں کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔ خیال ہے کہ حکام اس ضمن میں کرپٹ افسران کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے سخت ایکشن کا فیصلہ کرچکے ہیں۔