روح افزا ہزاروں فٹ کی بلندی پر روزہ دار مسافروں کو روزہ افطار کرائے گا۔

458

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ہمدرد پاکستان اور پی آئی اے کے درمیان گزشتہ روز یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت ہمدرد، پی آئی اے کو ماہ رمضان میں روح افزا کاربونیٹڈ ڈرنک، جسے ”روح افزا گو“ کا نام دیا گیا ہے،

سپلائی کرے گا جو پی آئی اے کی پروازوں میں مسافروں کو روزہ افطار کرنے کے لیے پیش کیا جائے گا اور ”روح افزا گو“ مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوگا۔ ایم او یو پر ہمدرد کی جانب سے اس کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ ٹریڈ سید فیض اللہ جواد جبکہ پی آئی اے کی جانب سے اس کے جنرل منیجر، برینڈ مینجمنٹ محمد عامر میمن نے دستخط کیے۔

اس موقع پر دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عامر میمن نے کہا کہ روح افزا ایک قومی مشروب ہے جبکہ پی آئی اے ایک قومی ایئرلائن ہے۔ لہٰذا ان کا اشتراک عمل ایک قدرتی بات ہے،

اب روح افزا 30 سے 35 ہزار فیٹ کی بلندی پر روزہ دار مسافروں کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں دلی خوشی ہورہی ہے کہ روح افزا پی آئی اے میں داخل ہوگیا ہے،

اب ہمدرد اور پی آئی اے ایک ساتھ چلیں گے اور چلتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلی فلائٹ کے مسافروں کا”روح افزا گو“کے بارے میں ردعمل ضرور پتہ کریں گے،

اس سے قبل ہمدرد کے منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ سی ای او اُسامہ قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد نے رمضان کی مناسبت سے اور پی آئی اے کے مسافروں کو رمضان میں افطار کے وقت سہولت مہیا کرنے کے لیے یہ ایم او یو سائن کیا ہے، اس پر ہم مزید کام کریں گے اور پی آئی اے سے تعاون کی نئی راہیں بھی تلاش کریں گے،

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 27 ۔رمضان المبارک کو معرض وجود میں آیا اور شہید حکیم محمد سعید اس دن کو ہمیشہ یوم آزادیئ پاکستان کے طور پر مناتے تھے۔ ہمدرد نے ان کی اس روایت کو ان کی شہادت کے بعد بھی برقرار رکھا ہے،

دستخطی تقریب کے آغاز میں سید فیض اللہ جواد نے تمام مہمان گرامی کا ان کی آمد اور تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا،

تقریب میں ہمدرد پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ سعدیہ راشد اور متولیہ ہمدرد (وقف) فاطمہ منیر احمدکے علاوہ پی آئی اے کے افسران، اسٹاف، ہوائی میزبانوں اور ہمدرد کے ڈائریکٹرز اور منیجر صاحبان نے بھی شرکت کی۔