کمشنر سکھر کی رمضان میں مساجد کی سخت سیکورٹی کی ہدایت

237

 

سکھر( نمائندہ جسارت)کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے رمضان المبارک کے دوران مساجد و امام بارگاہوں اور دیگر حساس تنصیبات پر سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک جیسے مقدس ماہ میں عوام کو تکالیف سے نکالنے اور انہیں ریلیف دینے کے لیے سکھر ڈویژن کی تمام مشینری کو متحرک ہونا ہوگا۔ غفلت برتنے والے افسران، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوز لوگوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے ایسی ہدایات اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں رمضان المبارک کے دوران حفاظتی انتظامات، اشیائے خوردنوش کی سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد اور مہنگائی پر کنٹرول سمیت مختلف مسائل پر منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں اے آئی جی سکھر پولیس ڈاکٹر جمیل احمد، سکھر، گھوٹکی اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، رینجرز افسران اور متعلقہ محکموں کے عملداروں نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے تمام ڈی سیز کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران ضلعی کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے ان کے نمبر ایف ایم ریڈیو پر نشر کیا جائے تاکہ حکومت سندھ و ضلعی انتظامیہ کے مقرر کردہ قیمتوں پر عمل نہ ہونے کی صورت میں لوگوں کو شکایت کرنے میں آسانی ہو جبکہ کنٹرول روم میں محکمہ ریونیو، پولیس، سیپکو، سوئی گیس، میونسپل سمیت متعلقہ عملداروں کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں تاکہ فوری طور پر لوگوں کی شکایات کا ازالہ ہوسکے اور روزانہ کی بنیادوں پر شکایات اور ان کے ازالے کے حوالے سے کمشنر آفس کو آگہی فراہم کی جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن رفیق احمد برڑو نے ڈویژن کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احترام رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کروانے اور مہنگائی پر مکمل کنٹرول کرنا ان کی ذمے داری ہے اس لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیادوں پر بازاروں کا دورہ کرکے ریٹ لسٹ آویزاں کروائیں۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں سمیت ان کے معیار کا جائزہ لیں اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے میونسپل کارپوریشن سکھر سمیت ڈویژن کے تمام ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران میڈیکل کیمپ اور ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کیے جائیں تاکہ شدید گرمی کی وجہ سے متاثرہ لوگوں یا بچوں کو فوری طور پر ریلیف فراہم کیا جاسکے جبکہ صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران شہروں میں لوگ شاپنگ کرنے آتے ہیں، جس وجہ سے ٹریفک جام ہوجاتی ہے اور روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے ٹریفک کے حوالے سے بہتر انتظامات کیے جائیں۔ اے آئی جی سکھر پولیس ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ سکھر و لاڑکانہ ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے رمضان المبارک کے دوران پولیس ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کرے گی۔ اس موقع پر رینجرز کے افسر نے بتایا کہ رمضان المبارک اور یوم علیؓ کے حوالے سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن نے سیپکو اور سوئی گیس کے عملداروں کو ہدایت کی کہ سحری، افطاری و تراویح کے دوران شہروں اور دیہات میں بجلی کی فراہمی معطل نہیں ہونی چاہیے۔