ستائیس نہتے فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل اور غزہ میں جنگ بندی معاہدہ

293

غزہ میں 27 نہتے فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیلی حکام اور غزہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں مصر نے ثالثی کا کردار ادا کیا ۔ فلسطینی اور مصری حکام نے اس کی تصدیق بھی کی تاہم اسرائیل کی جانب سے اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب غزہ کے مقامی افراد کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے بعد بھی اسرائیل جنگی جہاز غزہ کے اوپر پرواز کر رہے ہیں اور خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز غزہ پر اسرائیل کی گولہ باری اور فضائی حملوں میں چار ماہ کے بچے اور حاملہ خاتون سمیت 19 فلسطینی شہید ہوئے اور جمعے سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 27 ہو چکی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں ۔ رہائشی عمارتوں پر بمباری کے باعث سینکڑوں افراد بے گھر بھی ہوگئے ہیں۔