نواز شریف نے آزاد کشمیر اسمبلی کو بااختیار بنایا، خواجہ آصف

107

مظفرآباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فاروق حیدر حکومت اور تمام کشمیری قیادت کو عوام یقین دلاتے ہیں پورا پاکستان ان کے شانہ بشانہ ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے کرب پر ملت پاکستان بے چین ہے ۔ سید علی گیلانی کی علالت تشویشناک صورت اختیار کرچکی ہے ۔ یاسین ملک کو تہاڑ جیل موت کی کوٹھڑی میں رکھا گیا ہے ۔ تمام حریت قیادت اور عوام بدترین جارحیت سے دوچار ہیں ۔ اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کے ادارے حرکت میں آئیں اور سید علی
گیلانی ، یاسین ملک کو بہترین علاج کی سہولت مہیا کرنے کے لیے کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور پارلیمانی لیڈر نامزدگی کے بعد آزادکشمیر کے وزیر جیل خانہ جات چودھری اسحاق سے ملاقات میں کیا۔ چودھری اسحاق نے ان کو پارلیمانی لیڈر بننے پر مبارکباد پیش کی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آگاہ کیا اور آزاد حکومت کی کارکردگی پر بھی تفصیلات بتائیں ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ملت پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کشمیریوں کی خوشیاں ہماری خوشیاں ہیں، ان کا درد ہمارا درد ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آزاد کشمیر اسمبلی کو بااختیار بنایا،وہاں کے آئین کو باوقار بنا کر ثابت کیا کہ ملت پاکستان کشمیریوں کو دل جان سے چاہتے ہیں ۔ وہاں کے ترقیاتی بجٹ میں 100 فیصد اضافہ کیا اور سی پیک سمیت میگا پروجیکٹ پلاننگ میں شامل کیے۔یہ کشمیریوں پر احسان نہیں ہمار فرض تھا۔ کشمیریوں کی قربانیوں اور سبز ہلالی پرچم میں شہداء کی تدفین ‘ اس عشق پر قربان ہوجانے کا دل کرتا ہے ۔