پیما کے تحت آج ترک تمباکونوشی کا قومی دن منایا جائے گا

110

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )یکم رمضان المبارک کو پاکستان بھرمیں تمباکونوشی کو ترک کرنے کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد رمضان المبارک میں تمباکونوشی کو ہمیشہ کے لیے ترک کرنے کی ترغیب دلانا اور جو اسے ترک کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)، پاکستان چیسٹ سوسائٹی اور دیگر میڈیکل تنظیمیں اس موقع پر ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کررہی ہیں، تمباکونوشی کے انسانی صحت پر مضراثرات اور اس کے دینی و اخلاقی پہلووں پرمشتمل بروشرز تقسیم کیے جا رہے ہیں اورسوشل میڈیا پر بھی آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ پیما کے مرکزی صدرپروفیسر محمد افضل میاں نے اس موقع پرایک بیان میں کہاہے کہ رمضان المبارک کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ اس ماہ میں نیکیوں کو اختیار کرنے اور برائیوں و بری عادات سے دوری اختیار کرنے کا موقع میسرآتا، یہی وہ مہینہ ہے جب مسلسل تمباکو نوش بھی دن بھراس سے دوری اختیار کرلیتے ہیں، اس لیے اگر تھوڑی سی مزید کوشش کی جائے تو اس بری عادت سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ تمباکو نوشی نہ صرف اپنی صحت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ اس کے برے اثرات سے ارد گرد کے افراد بھی محفوظ نہیں رہ سکتے۔ پیما بنیادی طور پر اس ماہِ مبارک میں ترک تمباکونوشی مہم کے ذریعے اس کا شعور اجاگر کرنا چاہتی اور پوری ڈاکٹرز کمیونٹی کو بھی اس مہم میں شریک ہونے کی دعوت دیتی ہے۔ تمباکو استعمال کرنے والوں کو یہ بتایا جانا چاہیے کہ یہ مضرصحت ہونے کے ساتھ ساتھ اخلاقی طور پر بھی انتہائی ناپسندیدہ عمل ہے۔ نیزدین اسلام میں بھی تمام قسم کی نشہ آور اشیاء کی سختی سے ممانت ہے۔ پیما کے صدر نے مزید کہا کہ تمباکو سے چھٹکارا بظاہر مشکل ضرور نظر آتا ہے لیکن رمضان المبارک میں جس خصوصی صبر و برداشت اورنظم و ضبط کا ماحول ہوتا ہے اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمباکو کا استعمال ہمیشہ کے لیے ترک کرنا زیادہ مشکل نہیں رہتا، صرف پکے ارادے کی ضرورت ہے۔