سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے،پریم یونین

313

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ریلوے پریم یونین نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میںمہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ ہونے پر عیدالفطر کے بعد بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا، گزشتہ 6 ماہ میں روپے کی قدر میں 30فیصد سے زائدکمی ہوئی ہے مگر سرکاری ملازمین کی تنخواہوںمیں ایک دھیلہ بھی اضافہ نہیں ہوا، اگر منی بجٹ آسکتا ہے توملازمین کی تنخواہوں میں بھی عبوری اضافہ کیا جا سکتا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو فوری طور پرمہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے اور مستقل بنیادوں پرروپے کی قدر سے اضافہ کا فارمولہ بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار پریم یونین کے مرکزی راہنماخالد محمود چودھری نے ریلوے اسٹیشن پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کو توقع تھی کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں ان کی تنخواہوں میںبھی اضافہ ہو گا مگر حکومت نے ملازمین کی تمام توقعات کو خاک میں ملادیاہے، پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی وعدے فراموش کر دیے ہیں، مراعات یافتہ طبقہ کو تو مزیدنواز دیا ہے مگردن رات اپنے وطن کی خدمت پر معمور ملازمین کو کسی قسم کا ریلیف نہ دے کر ان کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے ،پی ٹی آئی حکومت نہ اپنے منشور پر عمل کرسکی اورنہ ہی کوئی لیبر پالیسی بنا سکی ہے۔ حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کون لیگ اور پیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہئے ۔ حکومت غربت کے خاتمہ کے بجائے غریب کا خاتمہ چاہتی ہے ، غریب سرکاری ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے غریب آدمی کے لیئے جینا مشکل کر دیا ہے۔ قومی دولت کی لوٹ کھسوٹ سے جہاں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق اور ترقی کا پہیہ جام ہوا ہے وہاں دوسری طرف مہنگائی ، بے روزگاری سے عوام کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے ۔ حکومت نے غریب مزدوروں سے سے عزت سے جینے کا حق چھین لیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دے سکی خالد محمود چودھری نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کا جس پیکیج کا وفاقی حکومت نے اعلان کیا ہے پاکستان ریلوے میں فوری طور پر اس پر عمل درآمد کروایا جائے۔