ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمے داری ہے،رانا طہٰ

152

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی پی پی 113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاںعتیق الرحمن،نائب امیرڈاکٹرمحمدانورنے کہاہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ کھانے پینے اور استعمال کی عا م اشیاء ٹماٹر، پیاز، آلو،دالیں، مرغی کے گوشت اور ملبوسات سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط طبقات کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمے داری ہے، اس لیے ضروری ہے کہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے کیلیے فی الفور اقدامات کرے اور مارکیٹوں، بازاروں میں مانیٹرنگ کرکے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کرنے والوں کے سدباب کیلیے ٹھوس اقدامات کرے۔انہوں نے مزید کہاکہ دنیا کے تمام ممالک میں مذہبی تہوار پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں گنگا الٹی بہتی ہے۔ موجودہ حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کی طرح عوام پر کسی نہ کسی مد میں مہنگائی کا بم گرارہی ہے جس سے رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ریکارڈ توڑ مہنگائی کر کے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں باوجود اس کہ قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط گھرانوں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔ میاں عبدالستاربیگا نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے اور رمضان سے قبل پرائس کنٹرول کمیٹیوں کوفعال کرے اور ذخیرہ اندوزوں کو زیادہ منافع خوری سے باز رکھے، اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافے سے روکا جائے اور ایسے عناصر پر گرفت کی جائے جو ذخیرہ اندوزی کر کے زیادہ منافع کماتے ہیں۔