آسیہ بی بی بیرون ملک روانہ، سفارتی ذرائع کی تصدیق

353

توہین رسالت کے مقدمے میں سپریم کورٹ کی جانب سے بری ہونے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی پاکستان سے روانہ ہوگئی ہے۔ سفارتی ذرائع اور آسیہ کے وکیل کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ آسیہ اپنے اہلخانہ کے پاس کینیڈا پہنچ چکی ہے۔

دفتر خارجہ اور وزارت اطلاعات کے ذرائع نے بھی غیرملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ آسیہ بی بی پاکستان چھوڑ چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی آزاد شہری ہے اور وہ اپنی مرضی سے ملک چھوڑ گئی ہے۔

آسیہ مسیح پر الزام تھا کہ اس نے جون 2009 میں ایک خاتون سے جھگڑے کے دوران حضرت محمد ﷺ کی شان میں توہین آمیزجملے استعمال کیے تھے۔

واضح رہے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کے الزام میں 2010 میں لاہور کی ماتحت عدالت نے سزائے موت سنائی تھی، لاہور ہائی کورٹ نے بھی آسیہ بی بی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کی تھی۔  گزشتہ ماہ 31 اکتوبرکو سپریم کورٹ نے سزا کالعدم قراردے کرآسیہ بی بی کورہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔