رمضان المبارک میں دہشت گردی کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے

94

راولپنڈی( وقائع نگار خصوصی) قائم مقام امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی چودھری منیر احمد اور جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد نے لاہور میں داتا دربار کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں دہشت گردی کی واردات کرنے والے مسلمان نہیں ہو سکتے ۔ یہ انسانیت سوز کارروائی کرنے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے واقعات میں خاصی کمی آ گئی تھی۔ مگر لاہور کا دھماکا اور اس میں پولیس کے جوانوں کو نشانہ بنانے سے پتا چلتا ہے کہ دشمن ابھی گھات میں ہے اور وہ اپنی مذموم کارراوئیوں کے لیے مسلسل منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی اپنی سیکورٹی کے معاملات کو گہرائی میں جا کر جائزہ لینا چاہیے کہ کمزوریاں کہاںکہاں ہیں ؟ ۔ رمضان المبارک میں عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت سیکورٹی کے انتظامات کی اشد ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے دہشت گردی کا شکار ہونے والے پولیس اہلکاروں کی مغفرت کی دُعا کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔