حکومت احترام رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کرائے ،عمران رشید

127

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پی پی 117کے امیرعمران رشید،جنرل سیکرٹری رانا محمد اقرار نے کہاہے کہ حکومت احترام رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد سمیت روزہ مرہ کے اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کو یقینی بنائے تاکہ ایک عام آدمی بھی اس ماہ مقدس کی نعمتوں وبرکتوں سے بھرپور فیضیاب ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان رحمتوں اورجہنم کی آگ سے نجات کا پیغام لیکرایک بار پھرامت پرسایہ فگن ہے، رمضان نزول قرآن اور اپنی اصلاح و احتساب کا مہینہ ہے جس کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم کی آگ سے نجات کا عشرہ ہے، اللہ نے ان لوگوں کو خوشخبری دی ہے کہ جس نے بھی ایمان واحتساب کے ساتھ اس مبارک ماہ میں روزے رکھے وہ فلاح پاگیا۔ دنیا بھر میں مذہبی ایام کے موقع پر کھانے پینے سمیت دیگر ضروری اشیائپر خصوصی رعایت دی جاتی ہے مگر یہاں اس کے برعکس مہنگائی کے طوفان نے عوام کی نیندیں اڑادیں ہیں۔زونل امیر نے زور دیا کہ ماہ مقدس میں صفائی ستھرائی کے ساتھ نماز تراویح اور روزہ افطار وسحری کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے اس میں اپنے گناہوں کی توبہ اور نیکیوں کی لوٹ سیل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ نہ صرف مسلمانوں کی تربیت بلکہ غریبوں ومسکینوں کے ساتھ ہمدردی وغم گساری کا مہینہ ہے جس میں اپنے ارد گرد موجود غربا ئومساکین کو بھی ضرور یاد رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 27رمضان میں ہی اللہ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان جیسی عظیم مملکت کا انعام دیا، اس ماہ میں ہمیں اس بات کا عزم کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ وطن عزیز کو حقیقی معنیٰ میں ایک اسلامی وفلاحی وجمہوری ملک بنانے کی جدوجہد کو مزید تیز کریں۔