ملک میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے،رانا عدنان خان

66

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خاں،ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمود، نائب صدورمحمدآصف عطا،مسلم توقیر،فاروق باجوہ ، سلیم انصاری اورشیخ عمر مختار و دیگرعہدیداران نے لاہورمیں داتادربار میںہونے و الے خودکش حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں دہشتگردی کرنا اسلام دشمن عناصر کا شاخسانہ ہے، مساجد ، مدارس ،مزاروں، خانقاہوں، گرجا گھروں اور دیگر مذاہب کی عبادتگاہوںکو نشانہ بنانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔رہنمائوں نے کہاکہ ایک بار پھر امن دشمنوں نے داتا دربار کو نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائی سے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔انہوں نے کہاکہ امن وامان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے، اس قسم کی وارداتیں کرنے والے پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں، پوری قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ رہنمائوں نے کہاکہ جے آئی یوتھ اس وحشیانہ دہشتگردی کی پروزمذمت کرتی ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دہشتگردی کرنے والے وحشی درندے ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، امن دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔