لاہور میں ایلیٹ فورس کی گاڑی پر خود کش حملہ قابل مذمت ہے،امیر العظیم

89

لاہور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے لاہور میں ایلیٹ فورس کی گاڑی پر خو د کش حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اصل ذمے داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے میں 3 اہلکاروں سمیت 10افرا کی شہادت قومی سانحہ ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی فورسز کی پشت پرکھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند دن قبل لاہور میںدہشت گردوں کے داخلے کی خبریں میڈیا میں آئیں تھیں مگر حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔اگر اس وقت دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جاتا تو آج دہشت گردی کا سانحہ نہ ہو تا۔ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی امریکی جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا ہے۔ 78ہزار پاکستانیوں سمیت سیکورٹی فورسز کی بڑی تعداد اس امریکی مفاداتی جنگ کا نشانہ بنی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے اور حکومت اپنی خارجہ و داخلہ پالیسیوں کو از سر نو تشکیل دے۔ جنرل( ر) پرویز مشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔ بھارت، امریکا اور اسرائیل کی مدد سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں براہ راست ملوث ہے، جس کا ثبوت کل بھوشن اور ریمنڈ ڈیوس نیٹ ورک کی صورت میں سامنے آچکا ہے۔ جب تک را، موساد اور سی آئی اے کے گٹھ جوڑ کو توڑا نہیں جاتا اس وقت تک پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکتا۔ امیرالعظیم نے مزید کہا کہ پاکستان قوم ایک بہادر قوم ہے، جس نے دہشت گردی کیخلاف لڑی جانے والی اس جنگ میں روز اول سے قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہم متحد ہیں۔ دشمن کبھی اپنے گھنائونے ہتھکنڈوں اور سازشوں میں کامیاب نہیں ہوگا۔
سکھر، پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار، اسلحہ برآمد
سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کے تھانہ آباد کی حدود آرائیں واپڈا کالونی کے قریب پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد جبکہ دو ڈاکو فرار، ایس ایس پی عرفان علی سموں نے بتایا کہ گرفتار زخمی ڈاکو کی شناخت راشد مہر کے نام سے ہوئی ہے، اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول میگزین پانچ گولیاں برآمدکی گئی ہیں، ڈاکو ڈکیتی، چوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھا گرفتار زخمی ڈاکو کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، کرمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے معلوم کیا جارہا ہے۔