داتا دربار حملے کا ایک اور زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے جس کے بعد شہداء کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔
لاہوری گیٹ کا رہائشی 19سالہ مدثر میو اسپتال میں زیر علاج تھا۔ ڈاکٹرز کے مطابق مدثر کی موت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے واقع ہوئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاٗ کے حوالے کیا جائے گا۔
یاد رہے دو روز قبل لاہور میں داتا دربار کے قریب پولیس کی گاڑی کے نزدیک خود کش دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد موقع پر شہید ہوگئے تھے۔ دھماکے میں زخمی ایک اور پولیس اہلکار گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ دہشت گردی کے اس واقعے میں زخمی ہونے والے 20 افراد اب تک مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔