چناری (آن لائن) بھارت نے آئندہ ہفتے 13 مئی سے چلنے والی سری نگر مظفرآبادبس سروس ایک بار پھر ملتوی کر دی،دونوں جانب سفر کے خواہشمند مسافروں کی تشویش اور مایوسی میں اضافہ، ٹریول سینٹروں کی رونقیں ماند پڑ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق 25 فروری کے بعد بھارتی حکام نے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے سری نگر مظفرآباد بس سروس کو 21 اپریل تک معطل رکھا 22 اپریل کے روز بھارتی حکام نے سری نگر مظفرآباد بس سروس جزوی طور پر بحال کی جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کے آزاد کشمیر میں پھنسے ہوئے 2 شہری مقبوضہ کشمیر گئے 28 اپریل کے روز کی بس سروس کے ذریعے بھارتی حکام نے آزاد کشمیر کے مقبوضہ کشمیر میں پھنسے ہوئے 3 مسافروں کو وآپس آزاد کشمیر بھیجا 22 اور28 اپریل کے روز چلنے والی سری نگر مظفرآباد بس کے ذریعے آر پار کے کسی بھی نئے مسافر کو سفر کرنے کی بھارتی حکام نے اجازت نہیں دی۔ اب پیر 13مئی سے چلنے والی سری نگر مظفرآباد بس سروس کو اچانک بھارتی حکام نے بغیر وجہ بتائے معطل کر دیا ہے، جمعہ کے روز سرینگر پاسپورٹ آفس نے ایک ای میل کے ذریعے آزاد کشمیر حکام کو بس سروس معطلی کے بارے میں باقاعدہ آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر ٹریول اینڈ ٹریڈاتھارٹی آزاد کشمیر شاہد احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ آزاد کشمیر اتھارٹی ہر وقت سری نگر مظفرآباد بس اور تجارت کرنے کے لیے تیار ہے لیکن بھارتی حکام نے 25 فروری کے روز سے بس سروس اور 8 مارچ کے روز سے تجارت معطل کر رکھی ہے۔