سری نگر(کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں اتوار کوبھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں 2 کشمیری نوجوانوں بشارت احمد اور طارق احمد کو شہید کردیا۔بھارتی فوج نے ان نوجوانوں کو شوپیاں کے علاقے ستی پورہ میں تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔بھارتی قابض فوج کے نام نہاد آپریشن میں 34 راشٹریہ رائفل،سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل سروس گروپ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ادھر قابض حکام نے متعلقہ ضلع کے جنوبی حصے میں انٹرنیٹ سروس معطل کررکھی ہے۔ نوجوانوں کی شہادت کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ بھارتی فورسز نے جنوبی ضلع پلوامہ کے آستان محلہ پنز گام اور کلپورہ گائوں میں بڑے پیمانے پر تلاش آپریشن شروع کیا جبکہ سانبورہ پلوامہ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ فورسز کی بھاری جمعیت نے سانبورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر 2 نوجوانوں کوگرفتار کیا۔ دریں اثنا جنوبی کشمیر میں فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ پچھلے کئی دنوں سے شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام اضلاع میں فورسز نے درجنوں رہائشی علاقوں میں آپریشن کیا اورگھر گھر تلاشی لی گئی ۔اشفاق احمد صوفی10مئی کو بھارتی فورسز نے شوپیاں میں شہید کیا تھا اشفاق احمد صوفی عرف عمر ولد مشتاق احمد صوفی کی یاد میں سوپور میں تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال سے ہوکا عالم رہا اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں۔ ہڑتال کی وجہ سے سوپور، زینہ گیر اور مضافاتی علاقوں میں بھی ہڑتال رہی۔ قصبے کی اندرونی و بیرونی راستوں پر گاڑیوں کی نقل و حمل متاثر رہی۔ علاوہ ازیں کپواڑہ کے مچل سیکٹر میں ایک دھماکے میں 2 بھارتی فوجی زخمی ہو گئے 56 راشتریہ رائفلز کے حوالدار جے پال سنگھ اور نائک وکرم کو زخمی حالت میں فوجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔