حکومت تعلیمی اداروں کو پامال کرنے کے گھنائونے منصوبے پر کارفرماہیں

82

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈویژن حسن بلال ہاشمی نے صوبائی حکومت سندھ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں میوزک اورڈانسز کی کلاسزکے اعلان کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال کرنے کے گھنائونے منصوبے پر کارفرماہیں جسے کسی صورت پورانہیں ہونے دیاجائے گا،ملک کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں ایسی بے ہودہ کلاسزکاآغاز کیاگیاتو اسلامی جمعیت طلبہ اس کے خلاف طلبہ وطالبات کو متحدکرکے بھرپوراحتجاج کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہزاروں کی تعداد میں ایسے اسکولز بھی موجود ہیں جن میں بچوں کے بیٹھنے، صاف پانی اور بیت الخلا کے انتظامات تک موجود نہیں ہیں اس لیے حکومت ڈانس ومیوزک کلاسز کے بجائے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات سمیت تعلیم کی بہتری کیلیے اقدامات پر توجہ دیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت بیرونی اشاروں پر اسلام ونظریہ پاکستان کے برعکس نصاب تعلیم میں ترمیم اور میوزک کی کلاسز چلاکر دستور کی خلاف ورزی اور اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دے کیونکہ دستور پاکستان میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ قرآن وسنت کیخلاف یہاں پر کوئی بھی اقدام نہیں ہوسکتا۔پاکستان اسلام،قرآن وکلمہ طیبہ لاالہ الااللہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا مگر آج تک ایک دن کیلیے بھی یہاں اسلام کو نافذ نہیں کیا گیا، نصاب تعلیم کو سیکولر بنانا،ڈانس ومیوزک کی کلاسز بیرونی آقائوں کو خوش اور اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے،وطن عزیز کے نوجوان طلبہ حکمرانوں کے اسلام دشمن ایجنڈے کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔