گوادر: تین روز بعد چوتھے مبینہ دہشت گرد کی لاش برآمد

185

کوئٹہ( نمائندہ جسارت )گوادر میں پی سی ہوٹل پر حملہ کرنے والے چوتھے دہشت گرد کی لاش تین دن بعد ہوٹل کے کچھ فاصلے سے مل گئی ۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی لاش ہوٹل سے تقریبا 2کلومیٹر کے فاصلے پر جھاڑیوں کے قریب سے ملی ہے ، لاش تین دن پرانی ہے اور اس کے سر سمیت جسم کے اوپری حصے کو جانور نوچ کر کھا چکے ہیں ، حملہ آور کی لاش کے قریب سے ایک کلاشنکوف ، 10 میگزین ، 22 دستی بم ، بارودی مواد ، 368 کلاشنکوف کی گولیاں ، 2 انٹرکام سیٹ ، ایک ڈیٹونیٹر اور ایک ریمورٹ کنٹرول اور دو موبائل برآمد ہوئے ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی موت کی وجہ معلوم کی جارہی ہے ، بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے جیسے حملہ آور نے خود کو گولی مار کے قتل کیا ہے ۔ واضح رہے بلوچستان کے ساحلی شہر گودار کے فائیو اسٹار ہوٹل پرل کانٹینینٹل کو 11 مئی کی شام کو کالعدم تنظیم کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک سیکورٹی اہلکار اور ہوٹل کے 4 ملازمین شہید ہوئے تھے ، فورسز کی جوابی فائرنگ میں 3 حملہ آور مارے گیے تھے۔