حکومت نے معیشت پر براہ راست آئی ایم ایف کو بٹھا دیا ہے،میاں اجمل

116

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قرض پر خودکشی کو ترجیح دینے کی بات کرنے والے نااہل حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔حکومت نے معیشت پر براہ راست آئی ایم ایف کو بٹھا دیا ہے جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیسوں کی خاطر ملک کو گروی دیا ہے جس کا واضح ثبوت ہے کہ اسٹیٹ بینک کا گورنر بھی آئی ایم ایف سے لیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک پر آئی ایم ایف کا ملازم تعینات کرنا بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کے مترادف ہے۔ نئے گورنر کی تقریر اس بات کو عیاں کرتی ہے کہ ملک میں آئی ایم ایف کے قرض اصلاحات کا نظام لایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی تباہی کا ذمے دار سودی نظام ہے جب تک ملک سے سودی نظام معیشت کو ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں معاشی استحکام نہیں آسکتا۔انہوںنے مزید کہا کہ عوام جماعت اسلامی کے دست و بازو بنے اور حق کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی کی نڈر اور صالح قیادت ہی ملک کو تمام بحرانوں سے نکال سکتی ہے کیونکہ جماعت اسلامی ملک میں اللہ اور رسولؐ کے نظام کے نفاذ کیلیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جماعت اسلامی عوام کی طاقت اور حمایت سے اسلامی انقلاب برپا کرے گی ۔