پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں

98

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاںعتیق الرحمن اوردیگرنے رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور رمضان آرڈنیس پر عملدرآمد نہ ہونے والے عمل کیخلاف اپنے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں نے جان بوجھ کر مہنگائی کر کے عوام سے جینے کی امنگ بھی چھین لی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات سمیت اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، مہنگائی میں ایک سو نہیں دو سو فیصد اضافہ کر کے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ رمضان آرڈنیس پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی جانیوالی کمیٹیاں منافع خوروں کیساتھ ملکر عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں، مہنگائی کیخلاف عوام کی چیخیں موجودہ ظالم حکمرانوں کے کانوں تک نہیں پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں مہنگائی کو کنڑول کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موثر اقدام کیے جائیں۔