تحریک آزادی کشمیر سے بیگانگی قومی خودکشی کے مترادف ہوگی

122

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیر سے بیگانگی قومی خودکشی کے مترادف ہوگی‘ کشمیر کے حوالے سے پارلیمنٹ کے ذریعے متفقہ قومی پالیسی کا اعلان کیا جائے،ہمیں یہ یقین پیدا کرنا ہوگا کہ تحریک آزادی کشمیر سے بیگانگی قومی خودکشی کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر لابی کا انتظام کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کے سامنے اجاگر کرنے اور اقوام متحدہ کے ذریعے حل کرنے کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔کشمیر ایک علاقائی مسئلہ نہیں بلکہ خطے کے امن کا عالمی مسئلہ ہے۔ انہوں کہا کہ بھارتی فوج کے ہر گزرتے دن کے ساتھ کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی امن کے اداروں کی کارکردگی پر بدنما داغ ہیں۔ بھارت ہمیشہ کشمیر کے معاملے پر مذاکرات سے بھاگتا آرہاہے اور کشمیر کے معاملے پر عالمی برداری کے سامنے سچائی کا راستہ روکنے کے لیے پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کررہا ہے۔ چودھری عمرفاروق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکا سے پاکستان میں دہشتگردی کی اطلاعات کی مکمل تفصیلات لی جائیں اور بھارت کی جانب سے ملنے والی دھمکوں کو نظر انداز کرنے کے بجائے مکار دشمن کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جائے اور بر وقت اقدامات کیں جائیں اورحکومت پاکستان کشمیر کے معاملے پر لفظی حمایت کی بجائے عملی اقدامات کرتے ہوئے عالمی برداری پر دبائو بڑھائے کہ بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ان کا حق خود اردیت دے۔