ملکی معیشت سنبھالنے والے افراد آئی ایم ایف کے ملازم ہیں،سینیٹر مشتاق خان

124

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ دو روز میں ڈالر کی قیمت میں 8روپے سے زائد کا اضافہ نے پاکستانی روپے کو گھٹنوں کے بل گرا دیا ہے۔ حکومت نے صرف 6ارب ڈالر کے لیے پاکستان کی معیشت سمیت ہر چیز داؤ پر لگادی ہے۔ ملکی معیشت سنبھالنے والے افراد آئی ایم ایف کے ملازم ہیں، انہیں پاکستان کی کرنسی یا معیشت سے کوئی دلچسپی نہیں وہ صرف آئی ایم ایف کا مفاد دیکھیں گے۔ معیشت کے تین اہم اداروں پر آئی ایم ایف کے کارندے بٹھا کر حکومت نے پاکستانی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ جب تک آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا جاتا پاکستان معاشی لحاظ سے خوشحال نہیں ہوسکتا۔ ڈاکٹروں کے مسائل کے حوالے سے حکومت انانیت کا مظاہرہ کررہی ہے۔، صوبائی ترجمان کی ڈاکٹروں کو دی جانے والی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ٹیم لیڈر کی حیثیت سے اپنی ذمے داری تسلیم کریں، وزیر صحت معافی مانگے اور حکومت دھمکیاں دینے کے بجائے ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ روپے کی قدر کم کرکے ڈالر کی قیمت بڑھانے سے پاکستان کے قرضوں میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان اور سونامی آئے گا جس کا براہ راست اثر غریب اور محنت کش افراد پر ہوگا۔ حکومت نے عوامی فلاح کے برخلاف آئی ایم ایف کے کہنے پر ڈالر کی قیمت میں اضافہ کیا ہے جو کہ سراسر ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی ممکن ہو حکومت کو آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا ورنہ اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو جلد ہی پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت کے محافظوں کی جانب سے ڈاکٹر پر بدترین تشدد کیا گیا۔ اب صوبائی حکومت کی ایما پر ڈاکٹروں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ حکومت کی ضد، ہٹ دھرمی اور انانیت کی وجہ سے پورے صوبے کے مریض خوار ہو رہے ہیں اور عوام شدید تکلیف میں ہیں۔ تمام مسائل کا حل مل بیٹھ کر بات چیت کرنے میں ہے، حکومت ایم ٹی آئی ایکٹ کی توسیع، آر ایچ اے اور ڈی ایچ اے پر ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مذاکرات کرے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے خلاف کاروائی کے صوبائی ترجمان کے بیان پر تشویش ہے، حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی کارروائی کی صورت میں ڈاکٹروں کے ساتھ ہوں گے۔ جماعت اسلامی ڈاکٹروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی۔