کشمیری ڈٹ کر بھارت کا مقابلہ کررہے ہیں،مشن میں کامیاب ہوں گے،حزب المجاہدین

123

مظفر آباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے نائب امیر خالد سیف اللہ نے کہا ہے کہ نام نہاد سرچ آپریشن ، مار دھاڑ،جلائو گھیرائو،بستیوں کو خاکستر کرنا اورعام شہریوں کا خون بہاناان تمام ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، یہ کھیل بھارت کشمیر میں71 برس سے کھیل رہا ہے لیکن بھارت اس سے کچھ حاصل نہ کرسکا،اس کے بر عکس بھارت کے اس ظلم وستم کے خلاف نہتی قوم کے نوجوان اپنے سر ہتھیلی پر رکھ کر سامراج بھارت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں،ایسے
سرفروشوں کو اللہ کے ہاں بڑا انعام ہے اور دنیا جب تک قائم ہے تاریخ ایسے نوجوانوں کی قربانیوں کو بالخصوص اور عوام کی قربانیوں کو با لعموم ہمیشہ اچھے الفاظ کے ساتھ یاد رکھے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک خطاب کے دوران شوپیان اور پلوامہ میں بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ کے دوران 8 مجاہدین اور2عام شہریوں کو ان کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم 71برس سے بے مثال قربانیاں دے رہی ہیں ، ایک دن ضرور آئے کہ مظلوم ملت کشمیر کو بھارت کی غلامی سے نجات حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان مجاہدین نے رمضان کے مقدس ماہ میں روزے کی حالت میں جواں مردی سے دشمن کا مقابلہ کیا اور دشمن کی سرنڈر کی گئی پیشکش کو ٹھکرا کر ایک تاریخ رقم کی ہے،وہ دن ضرور آئے گاجب دشمن ایسے سرفرشوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دے گا اور صبح آزادی کی نوید ضرور یہ قوم سنے گی، جس نے اپنے لخت جگر اسلام و آزادی کے لیے پیش کیے۔فیلڈ کمانڈر محمد بن قاسم نے بھی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے سر وسامانی کے باوجود ہمارے مجاہدین دشمن کا ڈٹ کرمقابلہ کر رہے ہیں اور اپنی چڑھتی جوانیاں اسلام و آزادی کے لیے دے رہے ہیں،ہمیں امید ہے کہ ہم اپنے مشن میں کامیاب ہوںگے اور دشمن کو ایک دن ہار تسلیم کرنی پڑے گی۔