حکومت زمین پر اور ڈالر آسمان پر ہے،رانا عدنان خان

135

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جے آئی یوتھ پنجاب کے سینئرنائب صدر راناعدنان خان نے کہاکہ حکومت زمین پر اور ڈالر آسمان پر ہے۔معاشی نظام کو آئی ایم ایف کے کلرکوں اور پٹواریوں کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے۔ایمنسٹی سکیم بھی کرپٹ اشرافیہ کیلئے ہے۔ ڈالر کو ہیروں کا تاج پہنانے اور روپے کی قدر کو خاک میں ملانے والے کسی طرح بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔پاکستانی روپے کی قدر جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ہوگئی ہے،کئی دہائیوں سے جنگ میں مبتلا افغانستان کی افغانی اور بنگادیشی ٹکا بھی اب پاکستانی روپے کے سامنے اکڑ کر چلتے ہیں۔پاکستانی روپے کی قدر ’’ٹکے‘‘کے برابر نہیں رہی بلکہ مالدیپ کی کرنسی سے بھی نیچے کی سطح پر پہنچ گئی ہے اور حکمران بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بھی اب عام لوگوں کی طرح اخبارپڑھ کراور ٹی وی دیکھ کر روپے کی قدر معلوم کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ اتنی بے قدری اور بے توقیر ی کے بعد روپیہ بھی سوچ رہا ہے کہ وہ کن دشمنوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کا یہ انکشاف کہ انہیں دھمکیاں مل رہی ہیں، انتہائی تشویشناک معاملہ ہے،عوام جاننا چاہتے ہیں کہ چیئرمین نیب کو کون دھمکیاں دے رہا ہے اور حکومت اس معاملے پر اب تک خاموش کیوں ہے۔چیئرمین نیب کو واضح اور دوٹوک الفاظ میں بتانا چاہیے کہ انہیں کون ڈرا دھمکا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے مؤقف ہے کہ نیب کو غیر جانبداری سے اپنا کام کرنا چاہیے مگر نیب نے خود ہی اپنے آپ کو متنازع بنا لیا ہے۔ابھی تک بیرونی بینکوں میں پڑے پاکستان کے اربوں ڈالر کی واپسی کیلئے کوئی میکنزم نہیں بنایا گیا،نیب کی فائلوں میں دبے ہوئے ایک سو پچاس کے قریب کرپشن کے میگا اسیکنڈلز کو نہیں کھولا گیا۔اگرحقیقی معنوں میں احتساب ہوتا تو اب تک پاناما لیکس کے 436ملزم آزاد نہ پھر رہے ہوتے۔انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کی آڑ میں جس طرح سابقہ حکومتیں ناجائز دولت بنانے والوں کے کالے دھن کو سفید کرتی اور مجرموں کو ریلیف دیتی رہی ہیں اسی طرح موجودہ حکمران جو بے لاگ اور کڑے احتساب کے نام پر اقتدار میں آئے تھے کرپٹ بدیانت اور قومی امانتوں میں خیانت کرنے والوں کو ریلیف دے رہے ہیں۔