گستاخانہ مواد کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہیں، امیر العظیم

140

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اور امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے گستاخانہ مواد کی تشہیر کرنے والے کیخلاف فوری کارروائی کے حکم کو سراہتے ہیں، حکومت فوری طور پر اس فیصلے پرعمل درآمد کروائے۔ ایف آئی اے سمیت دیگر متعلقہ ادارے توہین پر مبنی اور قابل اعتراض مواد کو سوشل میڈیا پر جاری کرنے والوں کا محاسبہ کریں۔ ایسے تمام افراد جو گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے کے گھنائونے جرم میں ملوث ہیں ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں۔ ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں پنہاں ہے۔ بحیثیت مسلمان ہمیں رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں اپنا تعلق اللہ اوررسولؐکے ساتھ مضبوط کرنا چاہیے اور اس ماہ مقدس کی نیکیوں اور برکتوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کے لیے قیام الیل کا بھی بندوبست کرنا چاہیے۔ نبی پاک ؐ کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنی زندگیوں میں انقلاب برپا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں چاروں اطراف سے حملہ آور ہیں۔ امت مسلمہ کی وحدت اور یکجہتی کیخلاف مختلف اوچھے ہتھکنڈوں کو استعمال کرتے ہوئے سازشیں کی جارہی ہیں، ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ اسلام امن و آشتی کا دین ہے جو محبت اور ایثار کا پیغام دیتا ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے انتخابات سے قبل پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا وعدہ عوام سے کیا تھا۔ 9ماہ گزر چکے ہیں مگر اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا، جب تک اس میں اللہ اور اس کے رسول ؐ کے نظام کو نافذ العمل نہیں کیا جائے گا مسائل کم نہیں ہوسکتے۔ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اور زندگی کے ہر پہلو میں رہنمائی کرتا ہے۔