ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی قومی ٹیم کا حتمی اعلان

278

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا حتمی اعلان کردیا۔
قومی ٹیم میں محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے جب کہ لیگ اسپنر شاداب خان پہلے سے ورلڈ کپ اسکواڈ پلان کا حصہ ہیں۔

چیف سلیکٹر کے مطابق ورلڈکپ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد حسنین، شاداب خان اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر کا نام پہلے اعلان کردہ ٹیم میں نہیں تھا تاہم وہ سینئر بولر ہیں اور انہیں انگلینڈ میں کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے، ان کا اکانومی ریٹ اچھا ہے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی شکل میں تجربہ ٹیم میں آئے گا۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ عابد علی کو باہر کرنا اتنا آسان نہیں تھا لیکن آصف علی نے انگلینڈ میں اچھی بیٹنگ کی اور انگلینڈ کی پچز اور کنڈینشن جو نظر آرہی اس میں چھٹے ساتویں نمبر پر ایسا پلیئر ضرور ہونا چاہیے جو رنز کرسکے۔

یاد رہے لیگ اسپنر شاداب خان کو ورلڈ کپ کے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ یاسر شاہ نے پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔