جماعت اسلامی نے فکری محاذ پر سیکولر نظریات کو شکست سے دوچار کر دیا ہے

156

راولپنڈی( پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی انسانوں کی سیرت و کردار کی تعمیر کے ذریعے آزاد خطے میں حقیقی اور دیر پا تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،جماعت اسلامی آزادکشمیر کی واحد بڑی دینی سیاسی جماعت ہے جو قرآن وحدیث کی تعلیمات کے مطابق انسانوں کے خیالات اور افکار میں تبدیلی کر کے ان کو اللہ کے در سے آشنا کررہی ہے ،جماعت اسلامی نے فکری محاذ پر لادین اور سیکولر نظریات اور تہذیب کو شکست سے دوچار کر دیا ہے ،جماعت اسلامی مخلوق کو بندگی رب کی طرف دعوت دے رہی ہے ،نبی ؐ کی سب سے افضل سنت دعوت الیٰ اللہ ہے ،دعوت مسلسل جہاد ہے ،اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی تخلیق ہی اسی لیے کی کہ وہ اللہ کی بندگی بجا لائیں گے اور دنیا میں اللہ کی حکومت قائم کریں گے ،اس فریضے کے لیے اللہ تعالیٰ نے انبیاؑ کو مبعوث کیا تاکہ ان کے ذریعے اللہ اپنا پیغام مخلوق تک پہنچائے ،انبیاؑ نے اپنی زندگیوں کو دعوت الیٰ اللہ اور جہاد فی سبیل اللہ کے لیے وقف کیا اورکھپایا،نبی ؐ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اب یہ کام امت کے ذمہ ہے ،جماعت اسلامی اسی مشن کو لے کر نکلی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام شب بیداری میں شریک شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد،ڈاکٹر صہیب ظفر،تسنیم عالم منظر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ ماہ صیام اللہ کی طرف سے تقویٰ کا ذریعہ بنایا گیا ہے ،اس مقدس ماہ میں قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں ،ترجمہ کے ساتھ قرآن کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ داعی صاحب مطالعہ وسعت ظرف رکھنے والا انفاق فی سبیل اللہ کرنے والا ہوتا ہے یہ ساری صفات جماعت اسلامی کے کارکن اپنے اندر پیدا کریں ،نفاق کا علاج ہی انفاق فی سبیل اللہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری دوہری ذمے داریاں ہیں ایک طرف اللہ کے دین کے قیام اور سربلندی کے لیے جدوجہد کرنا اور دوسری طرف اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آزادی کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ،جماعت اسلامی کوشش کررہی ہے کہ آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ اور اس کو خوشحال بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور اس کی قابض افواج ماہ مقدس میں بھی مقبوضہ کشمیر کے اند ر خون کی حولی کھیل رہی ہیں قائدین پابند سلاسل ہیں افواج رات کے اندھیر ے میں پورے پورے گائوں کا گھیرائو کر کے قتل عام اور لوٹ مارکررہی ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے عالمی برادری کی خاموشی سے شہ پا کر نریندر مودی اور مظالم ڈھارہے ہیں کشمیر نے آزاد ہونا ہے کشمیریوں نے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے اللہ تعالیٰ کی نصرت وقت پر آئے گی اور کشمیر آزاد ہو گا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہاکہ انسان اس دنیا میں جو اعمال کررہا ہے قیامت کے دن اللہ کے حضور پیش ہوکر اس کا حساب دنیا ہو گا جماعت اسلامی انسانوں کو اللہ کی طرف بلا رہی ہے اور یہ دعوت دے رہی ہے کہ اللہ اور اس کے رسول ؐ نے جن کاموں سے منع فرمایا ہے اس سے رک جائیں اور جن کا موں کو کرنے کا حکم دیا ہے وہ بجا لائیں ۔