فتح مکہ کا واقعہ انسانی تاریخ میں کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے

100

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم سیدحسن بلال ہاشمی نے کہاکہ فتح مکہ کا واقعہ انسانی تاریخ میں کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک ایسا دن ہے جس میں انسانیت کو ایک نئی منزل اور مقام عطا کیا گیا۔اس فتح نے فاتح اور مفتوح قوموں کے درمیان تعلقات کی نوعیت بدل دی۔اس دن حقوق انسانی، احترام انسانیت اور اظہار رائے کی آزادی کو ایک نیا مفہوم اورمقام ملا۔انسانی تاریخ ہزاروں، لاکھوں جنگ کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔لیکن انسانی تاریخ میں ایسی کوئی بھی جنگ نہیں اور کوئی بھی فاتح قوم کاایسا لیڈر نہیں جس نے دشمنوں سے بدلہ لینے کے بجائے انہیں معاف کردیا ہو۔جو اپنے ساتھی کمانڈر کو صرف اس جرم کی پاداش میں برطرف کردیتا ہے کہ وہ بدلہ لینے کی بات کرتا ہے۔ محمد عربی ﷺ کے پیش نظر نہ کوئی جنگ جیتنا تھا اور نہ کوئی دولت حاصل کرنا اور نہ ہی اقتدار قائم کرنا تھا۔ آپﷺ دنیا کو فتح کرنے کیلے نہیں آئے تھے۔بلکہ امن و امان قائم کرنے کیلے مبعوث کے گئے تھے۔آپ کا مشن پاکیزہ تھا۔ آپ کی دعوت ایک ایسے نظام کی علمبردار تھی جس میں طاقت کے بل پر حکومت قائم نہیں کی جاتی ہے بلکہ آپ کا مقصد باطن میں انقلاب پیدا کرنا تھا۔اس لیے آپ ﷺنے بڑے دشمن پر فتح حاصل کرنے کے بعد ان سے بدلہ لینے کے بجائے عفو ودرگزر سے کام لیا، اپنا حق چھیننے کے بجائے اپنا حق چھوڑ دیا۔یہ سب اس لیے کیا گیا کہ تاکہ مکہ کے سرداروں کو احساس ندامت ہو کہ وہ جس کے دشمن تھے آج وہ بدلہ لینے اور انہیں سزا دینے کے بجائے معافی دے رہا ہے۔