سرکاری اسپتالوں میں رفتہ رفتہ تمام سہولیات ختم ہورہی ہیں

103

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں رفتہ رفتہ تمام سہولیات ختم ہورہی ہیں لیکن حکومت اورانتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ،مریض اسپتالوںمیں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف، ادویات اور دیگر سہولیات کی کمیابی کے باعث ان اسپتالوںمیں تڑپ تڑپ کرجان دینے پرمجبورہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت مریضوںکوسہولیات دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کاسبب بن رہا ہے ۔ غریب مریض ،بزرگ،خواتین بیماری کے ہاتھوں مجبور ہوکر علاج معالجہ کیلیے سرکاری اسپتالوںمیں آتے ہیں لیکن دھکے کھاواپس چلے جاتے ہیں،ایمرجنسی وارڈمیں ڈاکٹرز کی لاپرواہی اورکمی کے باعث مریض گھنٹوں تڑپتے رہتے ہیں،ایکسرے اورلیبارٹری میں لمبی قطاریں لگانے کے بعدٹیسٹ نہ کرنے کے بہانے بناکرغریب مریضوںکے لواحقین کو ذلیل وخوار کیا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے ڈی سی فیصل اورحکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ فوری طورپر اسپتالوںکی حالت زارپرتوجہ دیں تاکہ غریب مریض ایڑھیاں رگڑرگڑکر جان دینے سے بچ سکیں۔