نااہل حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلنے کیلیے کارکن تیار رہیں

110

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے عید کے بعد ملکی آزادی و خودمختاری کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے ،ڈالر کی بڑھتی قیمت، حکومت کی عوام دشمن پالیسی ، مہنگائی میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک کی منصوبہ بندی کے لیے امرا اضلاع، جنرل سیکرٹریز، جے آئی یوتھ کے ضلعی صدور اور برادر تنظیموں کے صوبائی ذمے داران کا اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس 25مئی بروز ہفتہ سہ پہر تین بجے المرکزالاسلامی میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں کنونشنل اور سوشل میڈیا، عدالتی محاذ، پارلیمنٹ کے فلور اور سڑکوں پر حکومت کے خلاف ہمہ گیر تحریک چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی، اس احتجاجی تحریک میں یو نین کونسل سے لے کر صوبائی سطح تک پروگرامات کا شیڈول اور کلینڈر ترتیب دیا جائے گا۔ نااہل حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کے لیے کارکن تیار رہیں۔ صوبائی دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ جماعت اسلامی عید کے فوراً بعد حکومت کے خلاف میدان میں نکلے گی۔موجودہ حکومت فراڈ حکومت اور اس کی تمام پالیسیاں عوام دشمن ہیں۔ اس حکومت نے پاکستان کے عوام کو مہنگائی کے سونامی میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کر کے پی ٹی آئی حکومت نے حقیقت میں سرنڈر کر دیا ہے اور پاکستان کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی ہیں۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے چوروں اور ڈاکوؤں کو تحفظ دیا ہے اور حلال کمائی کرنے والے محب وطن ٹیکس دہندگان کی تذلیل و توہین کی ہے۔ پیٹرول، ڈیزل، گیس، بجلی، ادویات اور ڈالر کی قیمت میں اضافے سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں بدترین اضافہ کر کے حکومت نے محاورۃً نہیں بلکہ حقیقتاً عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ پی ٹی آئی کے نالائقوں سے عوام ہی نہیں ریاست کو بھی خطرہ لا حق ہو چکاہے یہ ریاست چوروں کی چوکیدار بن کر ٹیکس ایمنسٹی اسکیم دے رہی ہے۔نالائقوں اور ناہلوں کی حکومت سیاسی سٹنٹ اور پوائنٹ اسکورنگ کیلیے اور عوام کے ساتھ دھوکا اور فراڈ کر نے کیلیے ریاست مدینہ کا نام لے کر اللہ تعالیٰ کے غضب کو دعوت نہ دے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس بد ترین عوام دشمن حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔ 25مئی کے اجلاس میں احتجاجی تحریک کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مشاورت اور منصوبہ بندی کی جائے گی۔ عید کے بعد خیبر پختونخوا کی ہرڈویژن، ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوآرٹرز پر جلسے ، جلوس ، دھرنے، ریلیاں، سیمینارز اور مظاہروں کے ذریعے عوام کو اس عوام دشمن حکومت کیخلاف سڑکوں پر لائیں گے اور پوری قوم کو پی ٹی آئی کا اصلی چہرہ دکھائیں گے۔ اجلاس کے آخر میں شرکا کے اعزاز میں افطار ڈنر بھی دیا جائے گا۔