تییس جون کو مہنگائی کیخلاف احتجاجی تحریک حکمرانوں کی نیندیں اڑادیگی

107

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہاہے کہ 23 جون کو فیصل آبادسے مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والی جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک حکمرانوںکی نیندیں اڑادے گی، جے آئی یوتھ کے کارکنان اپنے قائدسراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے اس عوامی مارچ میں بھرپورشرکت کریں گے جس کیلیے ابھی سے تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ چنیوٹ بازارسے گھنٹہ گھرچوک تک ہونے والے مہنگائی کے خلاف اس عوامی مارچ میں ہزاروں نوجوان شرکت کریں گے۔ن خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ کے زیراہتمام مختلف علاقوں میں افطار پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے سارے دعوے جھوٹے،مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، آج کا نوجوان امت کی امیدوں کی کرن اور امید پاکستان ہے، قرآن وسنت کے نفاذ کے ذریعے ہی ملک میں حقیقی تبدیلی آسکتی ہے اور اس میں ہی مہنگائی ، بیروزگاری،کرپشن اور معیشت کی بحالی سمیت تمام مسائل کا حل مضمر ہے۔کرپشن کیخلاف سب سے پہلے جماعت اسلامی نے کرپشن فری پاکستان تحریک چلائی، ہم تمام چوروں کا بلاتفریق احتساب اور پاناما لیکس میں شامل 435تمام افراد کو قانون کی پکڑ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں،تیرا چور مردہ بادمیرا چور زندہ باد کی پالیسی اب نہیں چلے گی۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی سرکار کی جانب سے عوام سے کیے گئے تمام دعوے اور وعدے دھوکااور فریب ثابت ہوئے،ملکی معاشی ابتری،ڈالر کی اونچی اڑان، تیل،گیس، پیٹرول سمیت تمام اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے،کاروبار ٹھپ اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری سے عوام زندہ درگور ہوچکے ہیں جبکہ حکومتی وزرا اور ارب پتی مشیر اپنی کارکردگی کے بجائے سابقہ حکومتوں پر تنقید اور تمام خرابیوں کی جڑ قرار دے رہے ہیں،عمران خان سابقہ حکمرانوں کا احتساب کریں لیکن عوام کو ریلیف دینے کیلیے بھی اقدامات کیے جائیں،عوام کو مزید مہنگائی کی خوشخبری دینے اورمزید ٹیکسز لگائے جانے کی اطلاعات پہنچانے والے حکمرانوں کو سابقہ حکمرانوں کا حشر یاد رکھنا چاہیے، جماعت سلامی ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا ہے ، اقتدار نہ ہونے کی باوجود ہم نے عوام کی خدمت کی ہے،عوام کو اب بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ آزمانے اور غربت میں اضافے، مہنگائی کی سونامی مسلط کرنے کے بجائے دیانتدار اور کرپشن سے پاک لوگوں کو آگے لانا چاہیے تاکہ ملک اور آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہوسکے۔