جماعت اسلامی عید الفطر کے بعد رابطہ عوام مہم شروع کر رہی ہے

120

راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عید الفطر کے بعد بڑے پیمانے پر رابطہ عوام مہم شروع کر رہی ہے۔ اس خصوصی مہم کا آغاز 14 جون کو فیصل آباد میںعوامی مارچ سے ہو گا ۔ جبکہ 19 جولائی کو راولپنڈی میں عوامی مارچ ہوگا ۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں زونل اُمراء کے ماہانہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں دعوتی ٗ تربیتی اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر زونل اُمر نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ ملک کے حالات بڑی تیزی کے ساتھ بگڑتے چلے جا رہے ہیں ۔ موجودہ حکمران ٹولے کی نااہلی سے آئی ایم ایف ایک بار پھر اپنا شکنجہ کس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دن بدن بڑھتی ہوئی مہنگائی ٗ ڈالر کی اُڑان ٗ بجٹ خسارہ ٗقرضوں کا بوجھ اور اوپر سے حکومت کی بے تدبیری سے عوام سخت پریشان ہیں۔ مہنگائی ٗ بجلی ٗ گیس کے بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ ان حالات میں جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کے لئے میدان میں آئے گی ۔ عوام کو نااہل حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔