مستونگ ،نواحی علاقوں میں بدترین بجلی کی لوڈشیڈنگ،شہری پریشان

81

مستونگ (این این آئی) نواحی علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈ نگ کا سلسلہ جاری، رمضان پیکج ختم کرکے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں مزید 2 گھنٹوں کا اضافہ کر کے 18 گھنٹے کردیا گیا۔ معمولات زندگی بری طرح متاثر، روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا، زمینداروں کی کھڑی فصلیں تباہ۔ مستونگ گرڈ سے منسلک نواحی علاقوں کے گھریلو اور زرعی فیڈرز جن میں اولڈ لکپاس، نیو لکپاس، پڑنگ آباد، شیرناب سمیت 10 سے زائد فیڈرز پر کیسکو کی جانب سے رمضان المبارک کے اختتام سے قبل 2 گھنٹوں کی اضافی بجلی دینے کی خصوصی رمضان پیکج ختم کر کے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے کردیا گیا۔ طویل ترین اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے کے ساتھ زمینداروں کی کھڑی فصلیں شدید گرمی اور بروقت پانی نہ ملنے سے تباہی کی طرف گامزن ہیں۔ جبکہ اس سے قبل مذکورہ فیڈرز پر ایک طرف طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور دوسری جانب رہی سہی کسر بجلی کے کم وولٹیج نے پوری کردی ہے۔ بجلی کی بار بار ٹرپنگ اور اپ ڈائون کے باعث زمینداروں کی سمر سیبل مشینری، اسٹاٹرز، ٹرانسفارمرز کا جلنا روز کا معمول بن گیا ہے جس سے زمیندار طبقہ قرضوں کے بوجھ تلے دب رہا ہے۔ اس سلسلے میں نواحی علاقوں کے زمینداروں اور گھریلو بجلی صارفین نے بتایا کہ کیسکو حکام کی جانب سے 18 گھنٹوں کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ نے زراعت کے شعبے سے وابستہ ہزاروں لوگوں کو نان شبینہ کا محتاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے اس سیزن میں پیاز، زیرہ، ٹماٹر، گندم، سیب، انگور، آڑو اور دیگر فصلوں اور باغات کو پانی کی انتہائی اشد ضرورت ہے لیکن کیسکو کی زمیندار کش پالیسی اور تاریخی لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج کے باعث ہمارے کروڑوں روپے کے باغات اور فصلیں خشک ہورہی ہیں جبکہ فی کس زمیندار لاکھوں روپے کے مختلف فصلوں کے بیج بھی بوئے ہیں جو پانی کی عدم فراہمی کے باعث نقصان سے دوچار ہے۔ زمینداروں نے کہا کہ منظم سازش کے تحت کیسکو کھیتی باڑی کا شعبہ تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے اور لاکھوں افراد کو بے روزگار کرکے ان کا معاشی قتل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ نواحی علاقوں میں 18 گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر رمضان پیکج بحال کر کے نواحی فیڈرز پر کم از کم روزانہ 12 گھنٹے بجلی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرے۔ بصورت دیگر ہم زمیندار ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے کیسکو کے اس ظالمانہ اور زمیندار کش اقدام کیخلاف عید کے فوری بعد قومی شاہراہوں پر دھرنا دے کر غیر معینہ مدت کے لیے بلاک کردیں گے۔