اینڈرائڈ صارفین واٹس ایپ کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکیں گے

229

واٹس ایپ میں آئے دن کسی نہ کسی تبدیلی کا اعلان ہوتا رہتا ہے لیکن اب واٹس ایپ مزید ایک تبدیلی کا اعلان کرنے والا ہے جو اس کے نئے بِیٹا ورژن میں کیا جائے گا۔ بِیٹا ورژن کے استعمال کرنے والوں کے لیے اپ ڈیٹ میں واٹس ایپ ڈوڈل کے لیے نیا انٹر فیس متعارف کروایا جائے گا۔
اس نئے فیچر کے ذریعے چیٹ کرنے والے یوزرز اسکرین شاٹ نہیں لے سکیں گے۔ تاہم اسکرین شاٹ بلاک کرنے کی سہولت اینڈرائڈ میں ’’فنگر پرنٹ آتھینٹیکشنز‘‘ یعنی فنگر پرنٹ کی تصدیق کی دستیابی کے بعد ہی میسر آسکے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکرین شاٹ پر پابندی پہلے سے طے شدہ نہیں ہو گی بلکہ یہ اس وقت کام میں آسکے گا جب واٹس ایپ استعمال کرنے والے اپنے موبائل میں فنگر پرنٹ لاک کو فعال کریں گے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ کے موبائل پر فنگر پرنٹ لاک فعال ہے تو آپ اپنے واٹس ایپ چیٹ ونڈو کا اسکرین شاٹ نہیں لے سکیں گے لیکن اگر دوسری طرف جس شخص سے چیٹ کی جا رہی ہے اس کے پاس فنگر پرنٹ فعال نہیں تو وہ چیٹ ونڈو کا اسکرین شاٹ لے سکے گا۔ اسی دوران واٹس نے گروپ میں شمولیت کے حوالے سے پرائیویسی سیٹنگز بھی جاری کی ہیں۔ اس میں گروپ میں شامل کرنے کا نیا انوائٹ سسٹم ہے جس میں صارفین طے کر سکیں گے کہ انہیں دوسرے گروپ میں کون شامل کر سکتا ہے۔
گروپس میں شامل ہونے کی سیٹنگز کے لیے اینڈرائڈ کی سیٹنگز میں جا کر اکاونٹ ’’پرائیویسی گروپس‘‘ > اور پھر مندرجہ ذیل میں سے کسی ایک آپشن کا انتخاب کرنا ہو گا۔
نو باڈی: یعنی کوئی نہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی گروپ سے پہلے انوائٹ ملے گی جسے آپ قبول یا مسترد کر سکتے ہیں۔
نو کانٹیکٹس: کا مطلب ہے کہ صرف آپ کی کانٹیکٹ لسٹ سے ہی لوگ آپ کو گروپ میں شمولیت کی دعوت دے سکتے ہیں۔
ایوری باڈی: یعنی ہر کوئی، جس کے پاس بھی آپ کا نمبر محفوظ ہے وہ آپ کو گروپ میں آپ سے پوچھے بغیر آپ کو شامل کر سکتا ہے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ گروپ میں شمولیت کے لیے ایک انفرادی پیغام بھیجا جائے گا جسے قبول کرنے کے لیے آپ کے پاس تین دن ہوں گے۔ اس کے بعد پیغام کی میعاد ختم ہو جائے گی۔