بھارتی فوج نے مزید2 کشمیریوں کو شہید کردیا،یاسین ملک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

161

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں منگل کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کی شہادت پر مقامی نوجوانوں اور فورسز اہلکاروںکے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ایک اور واقعے میںضلع بانڈی پورہ میں ایک مارٹر گولا پھٹنے سے ایک کمسن لڑکا شہیداوردوسرا زخمی ہوگیا۔ یہ لڑکے ضلع کے علاقے گریز میں ایک کھلے میدان میں کھیل رہے تھے کہ بھارتی فوج کا پھینکا ہوا مارٹر گولا پھٹ گیا۔ ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فوجیوں اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ فوجیوں نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جبکہ نوجوانوں نے جواب میں ان پر پتھرائو کیا۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مجاہد کمانڈر ذاکر موسیٰ کی شہادت پر گاندر بل اور سوپور میں طلبہ اور بھارتی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے گاندربل کیمپس اور گورنمنٹ ڈگری کالج گاندر بل کے طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک کو بند کردیا۔ علاوہ ازیں مشترکہ حریت قائدین نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظربند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین کو 7 جولائی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دانستہ طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یاسین ملک کے عدالتی ریمانڈ میں توسیع ان کی نظربندی کو طول دینے کی ایک کوشش ہے جس کا مقصد ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔